لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت صوبہ بھر میں گندم خریداری مہم کا جائزہ لینے کیلئے ویڈیو لنک کانفرنس
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت صوبہ بھر میں گندم خریداری مہم کا جائزہ لینے کیلئے ویڈیو لنک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کے استحصال کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ گندم خریداری میں مڈل مین کے کردار کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ہر ضلع میں گندم خریداری کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔ گندم خریداری میں کاشتکاروں کی سہولت اور آسانی ملحوظ خاطر رکھی جائے۔
محمد شہبازشریف نے کہا ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز روزانہ گندم خریداری مراکز کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کریں۔ گندم کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ تمام اضلاع میں مڈل مین کے کردار کو ختم کرنے کیلئے کڑی مانیٹرنگ کی جائے۔ کاشتکاروں کا استحصال کرنے والے مڈل مین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
محکمہ خوراک کے حکام نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں میں باردانہ کی تقسیم کا 37 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
ویڈیو لنک کانفرنس میں سول سیکرٹریٹ سے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ، دیگر اضلاع سے صوبائی وزراء ، سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز او رپولیس حکام نے شرکت کی،تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔