اسلام آباد،قومی صحت پروگرام سے استفادہ کرنے والوں کو معاونتی مصنوعات اور سہولیات تک رسائی ہو گی،وفاقی وزیر قومی صحت
وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کا کہنا ہے کہ قومی صحت پروگرام سے استفادہ کرنے والوں کو معاونتی مصنوعات اور سہولیات تک رسائی ہو گی،خطہ بھر میں معذوروں اور طبی طور پر ضرورت مندوں کو معاونتی آلات ٹیکنالوجی کی فراہمی میں کئی اہم چیلنجز در پیش ہیں،تربیت یافتہ انسانی وسائل اور مناسب سروسز کی عدم دستیابی کے چیلنجز بھی در پیش ہیں،ضرورت کے وقت معاونتی ٹیکنالوجی نہ ملنے سے لوگ تنہائی اور غربت کا شکار ہو جاتے ہیں اور ان کی لاچاری اور معذوری میں اضافہ ہو جاتا ہے اس لئے معاونتی ٹیکنالوجی تک یکساں رسائی ہیلتھ کوریج کا لازمی اور ناگزیر جزو ہونا چاہئے۔
وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کابحیرۂروم خطہ کے مشرقی ممالک میں طبی معاونتی ٹیکنالوجی تک رسائی میں بہتری کے حوالے سےخطہ کے ممالک کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نے وزیر اعظم کے اپنے قومی صحت پروگرام میں معذوروں کو بھی شامل کیا ہے،قومی صحت پروگرام سے استفادہ کرنے والوں کو معاونتی مصنوعات اور سہولیات تک رسائی ہو گی اور ان میں سے ضرورت مندوں کی وہیل چیئرز ، بیساکھیوں، سفید چھڑیوں، ٹرائی پوڈز،سٹکس اوسماعت کے آلات تک بھی رسائی ہو گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھاعالمی اور علاقائی وعدوں کو پورا کرنا ہماری حکومت کی ذمہ داری ہے،آبادیوں کی ضروریات کے پیش نظر دیگر ٹیکنالوجیز کی طرح معاونتی ٹیکنالوجی تک رسائی بھی بڑی اہم ہے،علاقائی ممالک کے مابین ہونے والے اس اجلاس کی سفارشات پر متعلقہ ممالک میں عمل در آمد کیا جانا چاہئے۔
سائرہ افضل تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے 69ویں عالمی صحت اسمبلی کے موقع پر 2016ء میں معاونتی طبی مصنوعات کی فہرست کے اجراء کا اعزاز حاصل ہے،ہمارا مشن اسی وقت مکمل ہو گا جب معاونتی ٹیکنالوجی کے ہر ضرورت مند کی ان آلات تک رسائی ہو گی۔