لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ کی ملاقات
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ نے ملاقات کی ۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد
شہبازشریف نے کہا میری زندگی اپنے ملک اور صوبے کے عوام کیلئے وقف ہے۔جب تک
جان میں جان ہے، عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ عوام کے مسائل میرے مسائل
ہیں۔ہماری حکومت نے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے، صحت، تعلیم اور دیگر
سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔
محمد شہبازشریف نے کہاآج صوبہ پنجاب ترقی کے سفر میں آگے کی جانب بڑھ رہا
ہے۔ سیاسی مخالفین اپنے صوبوں میں کچھ نہیں کرسکے۔ کے پی کے اور سندھ کے
عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ان صوبوں کے عوام
اپنے حکمرانوں سے متنفر ہو چکے ہیں۔مسلم لیگ (ن) ہی عوام کے دلوں کی دھڑکن
ہے۔اللہ تعالیٰ نے خدمت کا موقع دیا توکے پی کے اور سندھ میں بھی عوام کے
مسائل حل کریں گے۔