کراچی ، گورنرسندھ محمد زبیر سے میئر کراچی وسیم اختر کی ملاقات
کراچی میں گورنرسندھ محمد زبیر سے گورنر ہاؤ س میں میئر کراچی وسیم اختر نے ملاقات کی ۔
ترجمان گورنرہاؤس کے مطابق ملاقات کے دوران وفاق کے تحت شہر میں جاری
ترقیاتی منصوبوں ،کراچی ترقیاتی پیکج اور عوامی فلاح و بہبود کے دیگر امور
پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا کراچی روشنیوں کا شہر بن رہا ہے،
ترقیاتی کام وقت کی اہم ضرورت ہیں اس ضمن میں وفاق کا تعاون جاری رہے گا۔
پاکستان کے اقتصادی حب کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن رہا ہے۔ ہر طرف
ادبی ، ثقافتی ، سماجی ، سیاسی ، معاشی ، اقتصادی ، تفریحی ، کھیلوں سمیت
فلمی صنعت کی بھرپور سرگرمیاں پروان چڑھتی نظر آرہی ہیں۔
محمد زبیر نے کہا شہر کے باسی رات گئے تک اپنا کاروبار زندگی بغیر کسی
رکاوٹ کے انجام دے رہے ہیں۔ ملک کی معاشی شہ رگ اقتصادی ترقی میں ریڑھ کی
ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ شہر میں ترقیاتی کام وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔
موجودہ حکومت شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور تعاون ، مدد اور معاونت
فراہم کررہی ہے۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا وفاق کے تعاو ن سے شہر کی ترقی یقینی ہے۔ شہر
کے مکین وفاق کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور با الخصوص
گورنرمحمد زبیر کی کوششوں کو قابل ستائش قرار دیتے ہیں۔