کراچی،اسٹیل ٹاؤن کے قریب ریلوے ٹریک پر اسٹیل مل ملازمین کا دھرنا ختم
پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کا دھرنا ختم ہونے کے بعد ریلوے ٹریک پرٹرینوں کی آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے۔
پاکستان اسٹیل کے ملازمین کے ریلوے ٹریک پر دھرنے کی وجہ سے ملک بھر سے
کراچی کے لئے ٹرینوں کی آمدورفت کئی گھنٹے معطل رہی تاہم اب ریلوے ٹریک کو
بحال کردیا گیاہے ۔
ریلوے ٹریک کی بحالی کے بعد حیدرآباد اور کوٹری ریلوےاسٹیشنوں روکی گئی 7
ٹرینوں کو کراچی روانہ کردیا گیا، پولیس حکام کے مطابق پاکستان اسٹیل کے
ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج پر ہیں۔
آج صبح پاکستان اسٹیل کے سینکڑوں ملازمین اسٹیل ٹاؤن کے قریب کراچی سے
ملک کے مختلف شہروں کو ملانے والے ریلوے کے دوطرفہ ٹریک پر دھرنا دے کربیٹھ
گئے۔
ریلوے اور ڈسٹرکٹ پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات
کئے، یوں کئی گھنٹے بعد ٹریک سے دھرنا ختم کرایا گیا اور ریلوے ٹریک کو
مظاہرین سے خالی کرواکر حیدرآباد اور کوٹری ریلوے اسٹیشنوں پر روکی گئی
ساتوں ٹرینوں کو کراچی کے لیے روانہ کر دیا گیا۔
ریلوے حکام کے مطابق اگرچہ ٹرینوں کی آمدورفت بحال ہوگئی ہے تاہم اس
صورتحال سے ایک طرف سینکڑوں مسافروں کو تکلیف برداشت کرنا پڑی دوسری طرف کی
ٹرینوں کی کراچی سے اندرون ملک روانگی متاثر ہو سکتی ہے تاہم ریلوے حکام
کے مطابق ٹرینوں کو معمول کے وقت پر کراچی سے اندرون ملک روانہ کرنے کی
بھرپور کوشش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اسٹیل مل کے ملازمین تنخواہوں میں تاخیر اور کئی سالوں سے
تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے اور تنخواہوں میں کمی کے خلاف احتجاج کر رہے
تھے۔