اسلام آباد،پاکستان اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کی بھرپور مذمت کرتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ پاکستانی شہری کو گاڑی سے کچلنے والے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کو سفارتی استثنیٰ حاصل تھا اور وہ واپس چلے گئے،امریکہ میں مقدمہ چلانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکی سفارتکار کرنل جوزف کے حوالے سے دیت کے معاملے کا علم نہیں،پاکستانی سفارتکاروں پر سفری پابندیوں پر پاکستان نے جوابی پابندیاں لگائیں،امریکی سفارتخانے کے عملے پر نئی پابندیاں نہیں لگائیں،امریکی سفارتکاروں کو ماضی کی حکومتوں نے چند رعایتیں دی تھیں، اب ان سے یہ خصوصی سہو لتیں واپس لی گئی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ امر یکہ میں نامزد پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کا ایگریما آ چکا ، جانے کے پروگرام کا علم نہیں،ترجمان نے امریکی سفارت خانے کو مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ ڈاکٹر فیصل کا مزید کہنا تھاپاکستان فلسطین کے معاملے میں2ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے،فلسطین کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہونا چاہیے،ترکی نے او آئی سی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی شرکت کریں گے۔