کراچی،متحرک نوجوان ہی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،گورنرسندھ
گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ با صلاحیت ،محنتی اور وژنری نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ یہ نوجوان اپنے اور اپنے ملک کے مستقبل کو بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،متحرک نوجوان ہی سماجی اور معاشی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے موجودہ حکومت نوجوانوں کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کررہی ہے اس ضمن میں نوجوان ڈاکٹرز عارضی معذوری کے علاج اور احتیاطی تدابیرکی آگاہی کے لئے اہم خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ گورنر سندھ نےگورنرہاؤس میں ینگ ڈاکٹرز آف فزیکل تھراپی آرگنائزیشن پاکستان کے 13رکنی وفد سے ملاقات کی،وفد کی سربراہی آرگنائزیشن کے چیئر مین ڈاکٹر نجیب الرحمن خٹک کررہے تھے ۔
ملاقات میں فزیو تھراپی کی اہمیت اور اس ضمن میں ڈاکٹریٹ کی تعلیم ، طبی سہولیات ، تحقیق، ہسپتالوں میں صحت افزا ماحول ،ادویات اور جدید طبی آلات کی اہمیت،فزیو تھراپی ڈاکٹرز کے مسائل سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
گورنرسندھ نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو با اختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ،موجود ہ حکومت نوجوان مرد و خواتین کو درپیش چیلنجز کو سمجھتے ہوئے ہوئے ایسی مربوط پالیسی پر عمل پیرا ہے جس میں نوجوان اپنے دیرینہ مسائل پر قابو پاسکیں۔