پشاور،عمران پہلے نوے دن کے وعدوں کا حساب دے پھر سو دن کی باتیں کریں، امیر مقام
مشیر وزیر اعظم امیر مقام نے کہا عمران پہلے نوے دن کے وعدوں کا حساب دے پھر سو دن کی باتیں کریں۔ چار سال میٹر و بس کو جنگلہ بس کہنے والے اب خود جنگلہ بس بنارہے ہیں۔
ن لیگ کے صوبائی صدر ومشیر وزیر اعظم امیر مقام نے پشاور ڈینز پلازہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جانب سے حکومت میں آنے کے بعد سو روزہ لائحہ عمل پرحیرت ہوتی ہے۔عمران خان شام کو کرنے والی بات کو صبح بھول جاتے ہیں۔عمران خان پہلے نوے دنوں میں کرپشن کو ختم کرنے کے دعووَں کے بارے احتساب دے پھر سو روزہ پلان تشکیل دے۔
امیر مقام نے ایک بار پھر پشاور میں زیر تعمیر بی آر ٹی منصوبے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔بولے ۔بی آر ٹی کی وجہ سے شہر کھنڈرات کامنظر پیش کررہا ہے جبکہ میٹر و کو جنگلہ بس کہنے والے اب خود جنگلہ بس بنارہے ہیں۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے ریکارڈ توڑ قرضے لئے جبکہ مردان اور ایبٹ آباد میں پنک بسیں چلا کرعوام کیساتھ مذاق کیا جارہا ہے۔