کوئٹہ ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے روس کے وفد کی ملاقات
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے صوبے میں خشک سالی کے باعث پیدا
ہونے والے پانی کے بحران سے نمٹنے کے لئے روس کے ماہرین کو صوبے کے مختلف
علاقوں میں مصنوعی بارش کے منصوبے کے تحت آزمائشی اور تجرباتی بنیادوں پر
گوادر میں سنوڑ ڈیم اورآکڑہ کور ڈیم پر مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ کرنے
کی منظوری دی ہے۔اس حوالے سے غیر ملکی کمپنی کلائمیٹ گلوبل کنٹرول ٹریڈنگ
کمپنی کے سی ای او مسٹر میکسم لاورو نے اپنے وفد کے ہمراہ وزیراعلیٰ سے
ملاقات کی اور انہیں مصنوئی بارش برسانے کے سائنسی طریقہ کار کے بارے میں
بریفنگ دی۔
واضح رہے کہ وفد نے گذشتہ دنوں بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے انہیں صوبے
میں خشک سالی کے تدارک کے لئے بلوچستان کے واٹر سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے
اور تکنیکی معاونت کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہا کیا تھا۔ یہ کمپنی مصنوئی
بارش برسانے میں مہارت رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مصنوعی بارش برسانے کے طریقہ کار میں گہری دلچسپی کا اظہار
کرتے ہوئے متعلقہ صوبائی محکموں کو کمپنی کے ساتھ اشتراک عمل آگے بڑھانے کی
ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے کہا کہ بارشوں میں کمی کے باعث
بلوچستان میں خشک سالی ہے جس سے مالداری اور زراعت کے شعبے پانی کی کمی کے
باعث تنزلی کا شکار ہیں۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ مصنوعی بارش برساکر خشک سالی کا خاتمہ اور
زراعت اور مالداری کے شعبوں کو ضرورت کے مطابق پانی فراہم کیا جاسکتا ہے۔
غیر ملکی کمپنی نے ماہی گیری کے شعبہ میں بھی سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی
کااظہارکیا۔
وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی بلال خان کاکڑ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی
وترقیات، سیکرٹری پی ایچ ای اور سیکریٹری ایریگیشن بھی اس موقع پر موجود
تھے۔