May 22, 2018 01:56 pm
views : 412
Location : Prime Minister House
Islamabad- PM Shahid Khaqan Abbasi meets Opposition Leader Syed Khursheed Shah
اسلام آباد، نگراں وزیراعظم کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق نہ ہوسکا
نگراں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب
اختلاف خورشید شاہ کے درمیان ہونے والی ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی۔
وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوئی، جس
کے دوران نگراں وزیراعظم کے ناموں پر غور کیا گیا، تاہم کسی نام پر اتفاق
رائے نہ ہوسکا۔ملاقات کے بعد خورشید شاہ وزیراعظم ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے نام کے انتخاب کے لیے کل یا پرسوں وزیراعظم سے دوبارہ ملاقات ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو راضی کرنے کے لیے مزید وقت مانگا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ نواز شریف کسی سابق جج یا بیوروکریٹ کے نام پر
اتفاق نہیں چاہتے اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تیسری بار نواز شریف
کو راضی کرنے کے لیے وقت مانگا ہے۔
اس سے قبل 18 مئی کو بھی وزیراعظم کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات کے دوران
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے
نام پر مشاورت کی گئی تھی، جس کے بعد خورشید شاہ نے بتایا تھا کہ منگل (22
مئی) کو ایک اور ملاقات کے بعد نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیا جائے
گا۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم کے لیے حکومت کے تجویز کردہ 3 ناموں میں
جسٹس (ر) ناصر الملک، جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی اور ڈاکٹر شمشاد اختر شامل
ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی طرف سے ذکاء اشرف اور جلیل عباس جیلانی
کے نام سامنے آئے، تاہم تحریک انصاف نے ذکاء اشرف کا نام مسترد کردیا۔