May 24, 2018 12:08 pm
views : 428
Location : Karachi Shipyard
Karachi- Handing over ceremony of 32 Ton BP tug to Pakistan Navy
کراچی، 32 ٹن بولارڈ پُل ٹگ کی پاک بحریہ کو حوالے کرنے کی تقریب کا کراچی شپ یارڈاینڈ انجینئرنگ ورکس میں انعقاد
پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے گئے 32ٹن بی پی ٹگ کی پاک بحریہ کے حوالے کرنے
کے لیے ایک خصوصی تقریب کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ وائس چیف آف نیول
اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ پاک بحریہ ، کراچی
شپ یارڈ ، کارپوریٹ سیکٹر اور حکومتی اعلیٰ عہدیداران کی ایک بڑی تعداد نے
تقریب میں شرکت کی۔
ترجمان پاک بحریہ کےمطابق اس 32ٹن بی پی ٹگ کی لمبائی 32میٹر جبکہ وزن
481ٹن ہے۔ اس کی انتہائی رفتار 12ناٹیگل میل ہے اور اس میں دو ڈیزل انجن
اور دو آزیمتھ تھرَسٹر نصب ہیں۔ یہ تمام اطراف سے پاک بحریہ کے تمام سائز
کے جہازوں کے ساتھ ٹگنگ آپریشن کی صلاحیت رکھنے والے انتہائی مضبوط فینڈرز
کے ساتھ لیس ٹگ ہے۔
اس موقع پر خطاب میں مہمانِ خصوصی وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کہا کہ یہ ٹگ،
جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری حاصل کرنے کے پاک بحریہ کے عزم کا ایک
مظہر ہے۔انہوں نے جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لیے وزارتِ
دفاعی پیداوار اور کراچی شپ یارڈ کے گراں قدر کردار کو سراہا۔
وائس ایڈمرل نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ پبلک سیکٹر کی چند صنعتوں میں سے ایک
ہے جس نے گزشتہ دہائی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور قومی میری
ٹائم سیکٹر کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وائس ایڈمرل کلیم شوکت کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے مقامی
صنعتوں کے فروغ کے لیے مزید مواقع پیدا ہو ئے ہیں۔ پبلک سیکٹر کی صنعتوں
مثلاً شپ یارڈ کو اس مو قع سے بھر پور فا ئدہ اُٹھاناچا ہیے اور روز گار کے
مزید مواقع پیدا کر کے قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔
قبل ازیں مینجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے
اپنے استقبالیہ خطبہ میں پاک بحریہ اور وزارتِ دفاعی پیداوار کے مسلسل
تعاون پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔
ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے کہا کہ اس منصوبے
کے لیے غیر ملکی معاونت نہیں لی گئی اور تعمیر کے تمام مراحل خود انحصاری
کے ساتھ طے ہوئے۔انہوں نے سامعین کو شپ یارڈ میں جاری جہاز سازی اور مرمت
کے دیگر منصوبہ جات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے مزید بتایا کہ فی الوقت کراچی شپ یارڈ جہاز
سازی کے 6منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکی کمپنی
سی ایس آئی کے ذریعے فلپائن اور تھائی لینڈ کو 8شوگر مل رولرز کی فراہمی کا
پہلا برآمدی آرڈر بھی اس سال مکمل کر دیا گیا۔
آخر میں ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے کہا کہ
کراچی شپ یارڈ کا ہر کارکن ان منصوبہ جات کی بر وقت اور بطریقِ احسن تکمیل
کے لیے ہمہ وقت پُر عزم اور تیار ہے۔