لاہور،حکومت پنجاب کی جانب سے خواتین کے لئے جاب آسان منصوبے کا آغاز
حکومت پنجاب کی جانب سے خواتین کے لئے جاب آسان منصوبے کا آغازکردیا گیا ہے،آسان جاب سہولت سینٹرزخواتین کوآن لائن پورٹل مہیا کریں گےجہاں بچیوں کو اپنی تعلیم اور تجربہ کے مطابق جاب سے متعلق تمام معلومات مہیا کی جائیں گی۔
حکومت پنجاب کل آبادی کے خواتین پر مشتمل 48فیصد کی قومی معیشت میں شمولیت کےلیے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے،وویمن ایمپلائمنٹ فیسیلٹی سینٹر جاب آسان اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جہاں بچیوں کو موزوں جاب کی تلاش، سی وی کی تیاری اورابتدائی ٹریننگ سے لے کر کام کی جگہ پر ان کے حقوق اور پریشانی کی صورت میں دفاعی رد عمل تک ہر طرح کی تربیت دی جائے گی۔
خواتین کے صوبائی کمیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ وقار نے جاب آسان منصوبے کے حوالے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خواتین کی افرادی قوت میں نمائندگی صرف 24فیصد جبکہ پنجاب میں 28فیصد ہے،تعلیم یافتہ خواتین کی ایک بڑی تعداد ڈگری حاصل کرنے کے بعد گھر سے باہر کام کرنے سے گریز کرتی ہیں جس کی بڑی وجہ اعتماد کی کمی اور موزوں ملازمت کے انتخاب کی صلاحیت کا فقدان ہے،آسان جاب سہولت سینٹرزخواتین کے ایسے ہی مسائل کو موضوع بنا کر آن لائن پورٹل مہیا کریں گےجہاں بچیوں کو اپنی تعلیم اور تجربہ کے مطابق جاب سے متعلق تمام معلومات مہیا کی جائیں گی۔
بچیوں کے پروفائلز کو بہتر بنانے کے لیے اُنھیں مفت خصوصی تر بیت ، مشاورت اور رہنمائی مہیا کی جائے گی،حکومت پنجاب کے تعاون سے مختلف اضلاع میں بننے والے آسان جاب مراکز جن کا آج لاہور سے آغاز ہو رہا ہے خواتین کو کام کی جگہوں پر ان کے حقوق اور ہراسگی سے متعلق قوانین سے مکمل آگاہی کے علاوہ بوقت ضرورت تکنیکی معاونت بھی فراہم کریں گے۔
کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں خواتین فوری طور پر فری ہیلپ لائن 1043پر کال کر کے مشاورت و رہنمائی حاصل کر سکتی ہیں۔