May 28, 2018 09:02 pm
views : 404
Location : Parliament House
Islamabad- PM Shahid Khaqan Abbasi, Opposiiton Leader Khursheed Shah Press Conference
اسلام آباد،اپوزیشن اور حکومت نے نگراں وزیراعظم کے لیے جسٹس (ر) ناصر الملک کے نام پر اتفاق
اپوزیشن اور حکومت نے نگراں وزیراعظم کے لیے جسٹس (ر) ناصر الملک کے نام کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے
مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کیا، پریس
کانفرنس کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔
نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیےشاہد خاقان عباسی اور قائد حزب
اختلاف میں 6 ملاقاتیں ہوئیں اور چھٹی ملاقات میں جسٹس (ر) ناصر الملک کے
نام کا بحثیت نگران وزیر اعظم کے اعلان کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے جلیل عباس جیلانی
اور ذکاء اشرف کے نام دیے گئے تھے جبکہ حکومت نے ڈاکٹر عشرت حسین اور جسٹس
(ر) تصدق حسین جیلانی کے نام تجویز کیے تھے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ
نگران وزیرِ اعظم کے نام پر لگ بھگ چھ ہفتے سے مشاورت کا سلسلہ جاری تھا
اور اُن کے بقول یہ فیصلہ آسان نہیں تھا،ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ایک ایسے شخص
کا انتخاب کیا گیا جن کا ماضی بڑا واضح ہے اور اُن کردار بطور نگران وزیرِ
اعظم بھی ملک اور جمہوری عمل کے حق میں ہو گا۔
اس موقع پر خورشید شاہ نے کہا کہ یہ چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں کہ سیاست دان
خود فیصلہ نہیں کرتے اور فیصلے باہر ہوتے ہیں،یہ ہم سب کے لیے بڑا چیلنج
تھا، کوشش یہ تھی کہ ایسا فیصلہ ہو کہ پاکستان کے عوام کو بھی اور پارلیمنٹ
میں جتنی بھی سیاسی جماعتیں ہیں اُن کو قابل قبول ہو۔
قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ سب کو نگران وزیرِ اعظم سے یہ اُمید ہے کہ
وہ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے میں کامیاب ہوں
گے۔