لاہور ، میرا قصور صرف یہ ہے کہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں،مریم نواز
سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نوازنے کہا ہے کہ میرا قصور صرف
یہ ہے کہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں ،لاہور سے اٹھنے والی آواز اسلام آباد
تک جاتی ہے ۔
لاہور میں یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ 25 جولائی
کو ن ليگ کے مخالفین کو بتادینا کہ عوام کا فیصلہ نوازشریف ہے ۔ نواز شریف
آپ کے حق کی جنگ کے لیے نکلا ہے، پاکستان میں سازشوں کی سیاست کو دفن
کردینا۔
مریم نوازنے کہا کہ میں نوازشریف کی بیٹی ہونے کی حیثیت میں ہر سزا کے لئے
تیار ہوں ،آج کے دور میں بیٹیاں سانجھی نہیں رہیں، منصوبہ ساز جانتے ہیں
باپ بیٹی کا رشتہ کتنا نازک ہوتا ہے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی نےمزید کہا کہ مجھے بھی بدعنوانی کی
وجہ سے اس کیس میں ملوث نہیں کیا گیا بلکہ میرا واحد قصور ہے کہ میں نواز
شریف کی بیٹی ہوں اور فولاد کا دل رکھنے والے نوازشریف کو جھکانے کا واحد
طریقہ بیٹی پر مقدمے بنانا ہے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی
عدالت اللہ کی ہے،جہاں کوئی واٹس ایپ کالز نہیں ہوتیں، میں اپنے والد کے
بیانیہ کے ساتھ کھڑی ہوں نوازشریف کی بیٹی اس کی کمزوری نہیں طاقت ہے۔