لاہور،ڈولفن فورس کی مبینہ فائرنگ،نوجوان جاں بحق
بادامی باغ میں ڈولفن فورس اور مشکوک افراد میں مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں راہ گیر نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
لاہور میں بادامی باغ کےعلاقے میں ڈولفن اسکواڈ اور نامعلوم ملزمان کے
درمیان مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں 15 سالہ لڑکا سلیم گولی لگنے سے دم توڑ
گیا،ڈولفن اسکواڈ نے معمول کی پیٹرولنگ کے دوران مشکوک کار کو رکنے کا
اشارہ کیا جس پر کار سوار نے گاڑی دوڑا دی۔
ڈولفن فورس کے مطابق راہگیر نوجوان سلیم ڈاکووں کی فائرنگ سے جاں بحق
ہوا،دوسری جانب ورثا نے ڈولفن فورس کے اہلکار کو ذمہ دار ٹھہرایا اور لڑکے
کی لاش رنگ روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور روڈ بلاک کردی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد فیصلہ ہوگا کہ لڑکے کی موت کس کی گولی لگنے سے
ہوئی، ایس پی ڈولفن فورس ندیم کھوکھر نے بتایا کہ کار سے گرفتار 5 افراد
میں سے زخمی آصف اور ساتھی ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہیں جب کہ ملزمان گوجرانوالہ
سے رینٹ پر گاڑی لے کر آئے ہیں تاہم اس حوالے مزید تفتیش جاری ہے۔