کوئٹہ،وزیر اعلیٰ بلوچستا ن میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس
وزیر اعلیٰ بلوچستا ن میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا
اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں گذشتہ دنوں کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پر دو
ٹریفک پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے،
فیلکن پولیس فورس کی بروقت جوابی کاروائی میں دو دہشت گردوں کو کیفر کردار
تک پہنچانے پر فیلکن پولیس فورس کی کارکردگی کو سراہااور اہلکاروں کے لئے
مالی انعام کا اعلان کیا جبکہ اس یقین کا اظہار کیا کہ ہماری فورسز دہشت
گردوں کو اسی طرح ان کے انجام تک پہنچاتی رہیں گی۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ صوبے میں طویل خشک سالی اور کم بارشوں کی وجہ سے
زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح کو روکنے اور خالی ڈیموں کو بھرنے کے لئے
صوبائی حکومت اور غیرملکی کمپنی کلائمٹ گلوبل کنٹرول ٹریڈنگ کے ساتھ معاہدہ
کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جس کے تحت کمپنی ابتدائی طور پر آزمائشی
بنیادوں پر مکران ڈویژن کے ضلع گوادر میں دس ہزار سکوائر کلومیٹر پر مشتمل
علاقہ میں واقع چار ڈیموں کے کیچمنٹ ایریا پر مصنوعی بارش برسائیگی ،
آزمائش کی کامیابی کی صورت میں حکومت بلوچستان مجوزہ کمپنی کے ساتھ ایک سال
کا معاہدہ کریگی جو صوبے کے مختلف حصوں بالخصوص کوئٹہ کے مضافاتی علاقوں
میں مصنوعی بارش برسائیگی جس سے زیر زمین پانی کو ریچارج کرنے میں مدد ملے
گی۔
کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ متعلقہ کمپنی دبئی اور ایران میں منصوعی بارش
کے کامیاب تجربات کرچکی ہے جبکہ اس منصوبے کو تکنیکی ماہرین کی مکمل مشاورت
کے بعد عملی جامہ پہنایا گیا ہے، کابینہ نے مجوزہ منصوبے کی منظوری دیتے
ہوئے محکمہ ماحولیات اور آبپاشی کے ماہرین پر مشتمل ٹیم تشکیل دینے کی
ہدایت کی جو دبئی جاکر مجوزہ منصوبے کے ماڈل کا جائزہ لے گی اور اپنی رپورٹ
مرتب کریگی۔
صوبے میں جسمانی طور پر معذور افراد کے لئے قائم فنڈز کے بہترین استعمال کو
یقینی بنانے کے لئے کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ابتدائی طور پر حکومت صوبے بھر
سے جسمانی طور پر دوہزار معذور افراد کو ماہوار چار ہزار روپے وظیفہ فراہم
کریگی اور بعد میں دیگر امدادی اداروں کے تعاون سے وظیفہ کی رقم میں اضافے
کے ساتھ ساتھ معذور افراد کی تعداد کو بھی بڑھایا جائیگا جبکہ جسمانی
معذور افراد کے فنڈز کو 500ملین سے بڑھاکر 2000ملین کرنے کی منظوری بھی دی
گئی۔