کراچی،ذوالفقار مرزااور فہمیدہ مرزا سندھ کے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا حصہ بن گئے
سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا سندھ کے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا حصہ بن گئے۔
جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا نے اس موقع پر کہا کہ سندھ کیلئے مشترکہ مقصد
رکھنے والوں کو اپنا پلیٹ فارم مہیا کردیا ہے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے فیصلہ
کیا ہے کہ جی ڈی اے کے ساتھ چلیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں بچوں کو
تعلیم صحت اور امن و امان ملے، ذوالفقار اور فہمیدہ مرزا کو جی ڈی اے میں
خوش آمدید کہتے ہیں، جی ڈی اے کا دائرہ کار پنجاب تک بڑھائیں گے۔
اس موقع پر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ سندھ کو کم پانی مل رہا ہے، پانی کی
تقسیم درست نہیں ہورہی، دس سال میں ہم مزید بدتر حالت میں آگئے، تعلیم میں
ہنگامی بنیادوں پر کام کی ضرورت ہے، مردم شماری سے پتا چلا کہ بڑی تعداد
نوجوانوں کی ہے، اگر نوجوانوں کو تعلیم نہیں دی تو وہ نشے اور دیگر برائیوں
کی طرف جائیں گے،انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کی شدید کمی ہے، پورے سندھ
میں غیر معیاری پانی فراہم کیا جا رہا ہے، 21ویں صدی میں بھی بچے تعلیم سے
محروم ہیں، سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی لگانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار
مرزا نے کہا کہ بدین والوں نے کامیاب جلسہ کرکے دکھایا، بدین میں جنازوں
کوغسل دینے کیلیے پانی نہیں ہے، انہوں نے خود کو خدا سمجھ لیا تھا، بدین کی
حد تک میں نے ان کی یہ سوچ توڑی ہے، بدین میں اب ان سے کوئی نہیں ڈرتا۔