لسبیلہ ، ساحلی شہر ڈام بندر شدید سمندری کٹاؤ کی زد میں
لسبیلہ کا ساحلی شہر ڈام بندر شدید سمندری کٹاؤ کی زد میں ہے جس سےقرب و جوار کی آبادی کو شدیدخطرہ لاحق ہے،علاقہ مکین نقل مکانی پر مجبورہیں اگر مسلسل سمندری کٹاؤجاری رہا تو آئندہ چند سالوں میں ساحلی شہر ڈام بندر سمندر برد ہوجائے گا۔
بحیرہ عرب کے ساحل پر واقع شہر ڈام بندر مسلسل سمندری کٹاو کی زد میں ہے گزشتہ کئی سالوں سے ڈام بندر کے سینکڑوں ایکڑ اراضی سمندر برد ہوگئی ہے جبکہ مسلسل سمندری کٹاو سے کئی دکانیں،ہوٹل اور ماہی گیروں کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کے باعث کئی لوگ نقل مکانی کرچکے ہیں جبکہ باقی رہائش پذیر و دکانداروں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ سمندری کٹاؤ مسلسل جاری رہا تو آئندہ چند سالوں میں ساحلی شہر ڈام بندر کا نام ونشان ختم ہو جائے گا،حکومت سمندری کٹاؤ کو روکنے کے لئے اہم اقدامات کرے،اگر حکومت نے بروقت اقدامات نہ کئے تو علاقہ سمندر برد ہونے کا خدشہ ہے۔