اسلام آباد،دنیا میں جہاں جمہوریت ہے وہاں آزاد صحافت بھی ہے، جہاں جمہوریت نہیں وہاں آزاد صحافت بھی نہیں،مولانا فضل الرحمان
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ریاست تو محترم ہے لیکن شہری محترم نہیں، جس کے ہاتھ میں ڈنڈا ہے صرف وہی محترم ہے۔
اسلام آباد میں سیمینار کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سیاست اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، دنیا میں جہاں جمہوریت ہے وہاں آزاد صحافت بھی ہے، جہاں جمہوریت نہیں وہاں آزاد صحافت بھی نہیں۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کا کہنا تھاکہ پاکستان میں خرابیوں کے بہت مناظر ہیں لیکن عوام کو ایک وزیر خزانہ اور ایک وزیراعظم نظر آتا ہے، کہیں دھماکا ہو جائے توعوام کی نظر اس ایک ہی شخص پر جاتی ہے،ایک زما نہ تھا دنیا میں نظریاتی جنگ جاری تھی، اشتراکیت اور سرمایہ دارانہ نظام آمنے سامنے تھے، جیل میں مختلف لوگوں کے مختلف مناظرے ہوتے تھے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میڈیا کی آزادی کا مقصد مادر پدر آزادی نہیں، بلکہ ہم اس میں اعتدا ل چاہتے ہیں، کوئی صحافی نہیں کہہ سکتا کبھی کسی کو کال کر کے کوئی گلہ کیا ہو۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ہم میں ایسی کم زوریاں نہیں ہیں جو کسی دوسرے میں نہ ہوں، ہم نے ایک ہی لفظ سیکھا ہے کہ عوام کے سامنے جواب دینا ہے۔