اسلام آباد،سپریم کورٹ نے شیخ رشید احمد کی نااہلی سے متعلق دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں اہل قرار دے دیا
سپریم کورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی نااہلی سے متعلق
دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں اہل قرار دے دیا،جسٹس شیخ عظمت
سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی خصوصی بینچ نے 20 مارچ کو
محفوظ کیا گیا فیصلہ 2 ماہ 22 دن بعد سنایا،سپریم کوٹ نے اپنے فیصلے میں
کہا کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لیں سکیں گے۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے
کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آج مجھے پھر عزت دی، میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا،
کوئی چیز نہیں چھپائی۔
شیخ رشید نے نواز شریف اور شہباز شریف کا للکارتے ہوئے کہا کہ نوازشریف ،
شہبازشریف میں آرہا ہوں، میری سیاسی موت کی راہ تکنے والوں کی سیاسی زندگی
کی دعا کرتا ہوں، سپریم کورٹ نے میرے حق میں متفقہ فیصلہ دیا، جسٹس قاضی
فائز عیسیٰ کے ریمارکس کو میڈیا میں اچھالا گیا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے مزیدکہا کہ میرے خلاف فیصلہ آتا تو بھی قبول
کرتا ، میں نوازشریف نہیں ، عمران خان کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے، میں
پنڈی بوائے ہوں،پنڈی نے مجھے شناخت دی ،پنڈی میرا ہے، پاکستان میرا ہے۔