کراچی، ملک بھر میں چاند رات کے موقع پر عید کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں
ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی چاند رات کے موقع پر عید کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیںصدر، طارق روڈ، کلفٹن، ڈیفنس سمیت شہر کی مختلف مارکیٹوں میں رش کے باعث پیدل چلنا محال ہوگیا جبکہ ریڈی میڈ کپڑوں، جوتوں اور میک اپ کی دکانوں پر خواتین کا رش بھی بڑھ گیا۔
خواتین کی تیاریاں بھی ابھی ختم نہیں ہوئیں،میچنگ کی اشیا ء اور مہندی پر کوئی سمجھوتا گوارا نہیں،بات ہو عید کی تیاری کی تو چوڑیوں کو خواتین کیسے بھول سکتی ہیں،دھاتی چوڑیوں کی چمک دمک کے باوجود روایتی کانچ کی چوڑیاں آج بھی سب سے زیادہ کھنکتی ہیں۔
خواتین ہوں یا مرد اور بچے ،سبھی اپنی من پسند اشیا ءکی خریداری کیلئے ٹوٹے پڑ رہے ہیں، بازار رات گئے تک کھلے ہیں جن میں لوگ خریداری کیلئے چلے آرہے ہیں،ملک کے دیگر شہروں میں بھی خریداروں کا جوش خروش دیدنی ہے اور عید بھرپور انداز سے منانے کی تیاریاں جاری ہیں۔
خریداروں کا زیادہ تر رش ریڈی میڈ کپڑوں، جوتوں کی دکانوں پر نظر آیا جبکہ کھانے پینے کے لیے بھی جگہ جگہ ریسٹورنٹس، ہوٹل و دیگر اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔
اس موقع پر سیکورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی،موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کا مارکیٹوں میں داخلہ ممنوع تھا۔