لاہور،زعیم قادری کی پریس کانفرنس پر دلی دکھ ہوا،احسن اقبال
مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ زعیم
قادری کی پریس کانفرنس پر دلی دکھ ہوا،وہ پہلے پارٹی میں شکایات اٹھاتے،
پارٹی کے بڑوں کے سامنے مسئلہ اٹھاتے تو ہم کردار ادا کر سکتے تھے۔
لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں احسن اقبال کو آئندہ سماعت پر
تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 29جون تک ملتوی کردی۔
ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے
ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی فیصلوں پر شکایت ہے تو پارٹی میں بات ہونی
چاہیے ،زعیم قادری کی پریس کانفرنس پر دلی دکھ ہوا،کلثوم نواز کی بیماری کی
وجہ سےپوری پارٹی پریشان ہے، ایسے وقت میں شکایات کے انبار لگانا ٹھیک
نہیں تھا۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ تاثر عام ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو ٹارگٹ کیا جا رہا
ہے، الیکشن کو صاف شفاف بنانا ہر فرد اور ادارے کا فرض ہے،انہوں نے کہا کہ
عدالتوں سمیت تمام اداروں کا احترام کرتا ہوں،سیاست میں ٹکراؤ کی وجہ سے
معاشی طور پر پاکستان تباہ ہو رہا ہے،تعصب کی بنیاد پر سیاست ختم ہونی
چاہیے۔