لاہور،سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا
سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے ایک بار پھر اسمبلیوں میں چور وں لٹیروں،اور جرائم پیشہ لوگوں کو اسمبلیوں میں دیکھ رہے ہیں،نظام دھاندلی زدہ اورظلم زدہ ہے، عوامی حقوق کوکچلنے والے نظام کا نہ حصہ تھے نہ ہیں اور نہ بنیں گے۔
لاہور میں ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر القادری نے کہا کہ 2014 میں احتساب اور انقلابی اصلاحات کے لئے دھرنا دیا، جدوجہد کے دوران ماڈل ٹاؤن میں 14 لوگوں کی قربانی دی، ہماری جدوجہد کا مقصد ملک میں انتخابی اصلاحات تھا، انتخابی اصلاحات کیلئے کمیٹی بنی، جس میں تمام جماعتیں شامل تھیں، انتخابی اصلاحات کے حقائق کھلے تو وہ اور بھی ناقص تھے۔
سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ ختم نبوتﷺ کے اقرار سمیت آرٹیکل 62،63 کوبھی نکال دیا گیا، آرٹیکل 62،63 کی ترمیمات انتخابی اصلاحات سےہی نکال دی گئیں، احتساب کے نام پر ڈھائی سال میں کیا کیا نہیں ہوا، کرپشن ہوائی جہاز پر ہورہی ہے، احتساب بیل گاڑی پر سفرکررہا ہے، کرپشن کے کیسوں میں آج تک کسی ایک شخص کو بھی سزا نہیں ہوئی۔
طاہر القادری کامزید کہناتھا کہ اسمبلیوں میں پھر ان لوگوں کو لایا جارہا ہے، جنہیں ڈھائی سال تک برا بھلا کہا گیا۔