لاہور ، نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس
لاہور میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق اجلاس میں صوبے میں انتخابات کی تیاریوں کے انتظامات، سکیورٹی امور اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتوں کیلئے سکیورٹی پلان وضع کر لیا گیا ہے۔جلسے، جلوسوں اور ریلیوں کو بھی مرتب کردہ پلان کے تحت سکیورٹی دیں گے۔حساس پولنگ سٹیشنز پر امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔پولنگ سٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی ہوگی۔
اجلاس میں سی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ سیاسی رہنماؤں کو نقل و حرکت کے دوران باکس سکیورٹی مہیا کی جائے گی۔
ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا سی سی ٹی وی کیمرے مکمل طور پر فنکشنل ہونے چاہئیں۔کیمروں کے غیرفعال ہونے کی شکایت سامنے نہیںآنی چاہیئے۔جلسے ،جلوسوں اور ریلیوں کیلئے مرتب کئے جانے والے لائحہ عمل پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔جلسے اور جلوسوں میں شرکت کیلئے آنے والوں کی واک تھرو گیٹ کے ذریعے چیکنگ کی جائے۔عام انتخابات اجتماعی قومی ذمہ داری ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا فری اینڈ فیئر الیکشن ہمارا فوکس ہے، سب کیلئے مساوی مواقع ہوں گے۔شفاف الیکشن نگران حکومت کی کلیدی ذمہ داری ہے۔ کئے گئے انتظامات اور عملی اقدامات کے درمیان تفاوت نہیں ہونی چاہیئے۔بہترین انتظامیہ متوقع واقعات کے پیشگی تدارک کیلئے اقدامات کرکے اپنی پلاننگ بہتر کرسکتی ہے۔انتخابی سامان کی ترسیل سخت حفاظتی انتظامات میں کی جائے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ جنرل الیکشن کے دوران مون سون اور ممکنہ سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔
صوبائی وزراء ضیاء حیدر رضوی، شوکت جاوید، احمد وقاص ریاض، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سول اور عسکری اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔