اسلام آباد ، پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ا صلت کا اقابہ ، اردن کا دورہ
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ا صلت نے افریقی اور یورپی ممالک میں بین
الاقوامی تعیناتی کے سلسلے میں اقابہ ، اردن کا دورہ کیا۔ پی این ایس اصلت
کا اقابہ کی بندرگاہ کے دورے کا مقصد اسلامی جمہوریہ ء پاکستان اور سلطنت
اردن کے مابین دوستانہ مراسم اور دفاعی تعاون کو فروغ دینا تھا۔
ترجمان پا ک بحریہ کے مطابق اقابہ میں قیام کے دوران اردن اور پاکستان کے
نیول حکام کے درمیان متعدد پیشہ ورانہ اور غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔ پاک
بحریہ کے مشن کمانڈر کموڈور فیصل عباسی ، کمانڈر 25ڈسٹرائیر اسکواڈرن نے
رائل اردن نیوی کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل ابراہیم سلمان النعمت، اردن میں
پاکستان کے سفیر میجر جنرل (ریٹائرڈ) جنید رحمت، ڈائریکٹر جنرل اردن میری
ٹائم کمیشن صلاح علی ابو عفیفے، اقابہ کے ڈپٹی چیف کمشنر ڈاکٹر عماد حجازین
اور ڈپٹی گورنر جناب ابراہیم النجاد ت سے ملاقاتیں کی۔
ملاقاتوں کے دوران اردنی حکام نے پاکستان کی عوام اور بالخصوص پاکستان کی
مسلح افواج کے لیے نیک خواہشات اور گرمجوشی کا اظہار کیا۔ ارد ن کی اعلیٰ
شخصیات نے بحری قذاقی کی روک تھام اور خطے میں قیام امن و استحکام کے حوالے
سے پاک بحریہ کے کردار کو بھی سراہا۔
ترجمان کے مطابق اس دوران پی این ایس اصلت پر ایک عشائیے کا بھی انعقاد کیا
گیا جس میں اردن کی بحری افواج کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل ابراہیم سلمان
علی النعمت نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازیں اقابہ کے شہری دفاع کے
سربراہ ، اراکین پارلیمنٹ، چیک ریپبلک، اٹلی، جاپان، ہالینڈ، پولینڈاور
امریکہ کے دفاعی اتاشیوں، اردن کی بحری اور بری افواج کے افسران، عمائدین
شہر اور معزز پاکستانی شخصیات نے بھی عشائیے میں شرکت کی۔ جہاز کو عوام
الناس کے لیے بھی کھولا گیا جس کے دوران مقامی افراد اور اردن میں آباد
پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے جہاز کا دورہ کیا ۔
دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت میں اضافے
اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لیے پی این ایس ا صلت پر
مشترکہ بورڈنگ مشقیں اور بحری مشقیں بھی منعقد کی گئیں۔
پی این ایس اصلت کے اردن کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان قائم تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔