لاہور ، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے نائیجیریا کے 7 رکنی وفد کی ملاقات
لاہور میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے نائیجیریا کے 7 رکنی وفد نے ملاقات کی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں
پاک نائیجیریا تعلقات کے فروغ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے، باہمی وفود
کے تبادلوں اور پاکستان میں انتخابات کے انتظامات کے امور پر تبادلہ خیال
کیا گیا۔
اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا نائیجیرین وفد کا
دورہ باہمی تعلقات کے نئے دور کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا۔دونوں ممالک کے
درمیان تجارتی تعاون کے مواقع بڑھانے کے بے پناہ امکانات موجود
ہیں۔نائیجیریا اور پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایک دوسرے کے تجربات
سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاپاکستان اور نائیجیریا کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے
مائنڈ سیٹ کی تبدیلی کا چیلنج درپیش ہے۔سماجی و معاشی مسائل حل کرنے سے
دہشت گردی کو ختم کیا جاسکے گا۔پاکستان اور نائیجیریا کے مابین طلبہ،
اساتذہ، ڈاکٹرز، سول سرونٹس اور میڈیا کے وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔25
جولائی کو منصفانہ اور شفاف الیکشن کرانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے
جا رہے ہیں۔
سربراہ نائیجیرین وفد جوناتھن میلاجوما نے کہا پاکستان بہت شاندار ملک
ہے، یہاں کے لوگ محبت کرنے والے ہیں۔دہشت گردی سمیت دیگر امور میں پاکستان
کے تجربات سے سیکھنا چاہتے ہیں۔
وفد کی قیادت نائیجیریا کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل جوناتھن میلا جوماکر رہے تھے۔