اسلام آباد: ہمارے پاس مکمل اختیارات ہیں، تمام ادارے تعاون کر رہے ہیں: سیکریٹری الیکشن کمیشن
سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
انتخابی سامان کی بر وقت ترسیل یقینی بنائی جا رہی ہے، روشنائی ختم ہونے کی
شکایات کا تدارک کر دیا ہے۔ الیکشن کے لیے ضروری سامان ریٹرننگ افسران کو
بھجوا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ پوسٹل بیلٹ کا غلط استعمال روکنے کے لیے مخصوص طریقہ
اختیار کیا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ الیکشن کے دن
پولنگ اسٹیشن پر کیمروں سے مانیٹرنگ ہوگی۔ پولیس اورفوج سمیت 8 لاکھ اہلکار
پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی کے لیے تعینات ہوں گے۔
بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے 3 امیدواروں سے متعلق آگاہ کیا
تھا۔ 3 افراد کو نوٹس دیا وہ کمیشن کے سامنے پیش ہو کر وضاحت دیں گے۔
سیکیورٹی اہلکار انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت کام کریں گے۔ چیف جسٹس سپریم
کورٹ اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز کے شکر گزار ہیں۔ ریٹرننگ افسران، ڈپٹی
ریٹرننگ افسران ججز ہیں۔ عدلیہ کی جانب سے ججوں کی ڈیوٹی لگانے کی اجازت دی
گئی۔
انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں انتخابی مہم بھرپور طریقے سے چلا رہی ہیں۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو لکھا کہ کسی کو انتخابی مہم سے نہ روکا جائے۔ یہ
بات غلط ہے کہ کسی جماعت کی انتخابی مہم کو روکا گیا ہے۔
بابر یعقوب نے کہا کہ الیکشن صاف شفاف اور آئین کے مطابق ہوں گے۔ آر ٹی
ایس نظام پر موصول نتیجہ پی ٹی وی کے ذریعے شیئر کریں گے۔ ہمارے پاس مکمل
اختیارات ہیں، تمام ادارے تعاون کر رہے ہیں۔ واضح انداز میں کہہ رہا ہوں
الیکشن کمیشن پر کسی کا دباؤ نہیں۔