لاہور ، نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیر صدارت نگران صوبائی کابینہ کا اجلاس
لاہور میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیر صدارت نگران صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ کابینہ کا اجلاس
3 گھنٹے جاری رہا۔اجلاس میں غیر فعال اور غیر متحرک سرکاری کمپنیوں کو بند
کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر فعال اور غیر متحرک سرکاری کمپنیوں کو
قانونی قواعد و ضوابط کے تحت بند کیا جائے گا۔ ایسی سرکاری کمپنیاں جنہیں
فنڈنگ کی گئی ہے، ان کے مستقبل کے تعین کیلئے محکمہ قانون اور محکمہ خزانہ
سے حتمی رائے لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔پنجاب حکومت کے سرکاری ملازمین
دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم فنڈ کیلئے رضاکارانہ طور پر تنخواہ دیں گے۔
اجلاس میں سراج رئیسانی، ہارون بلور، اکرام اللہ گنڈا پور اور دیگر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی
میں اپنے بلوچ اور پختون بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔پنجاب حکومت نے سانحہ
مستونگ کے متاثرین کی مالی امداد کیلئے ایک کروڑ روپے دیئے ہیں۔ پولنگ ڈے
پر ووٹرز کو آزادانہ طور پر حق رائے دہی کے استعمال کیلئے پرامن ماحول
فراہم کریں گے۔
اجلاس میں 25 جولائی کو صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں نگران صوبائی وزراء ،چیف سیکرٹری،ایدیشنل چیف سیکرٹری، چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اوراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔