دادو: غربت کا مقابلہ کرنے میں پیپلز پارٹی کے کردار کو دنیا مانتی ہے، بلاول بھٹو
دادومیں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ
اگر پی پی کو اقتدار سونپا گیا تو وہ غریب خواتین کو بلا سود قرضے فراہم
کرے گی۔ہمارا منشور انقلابی، غریب اور عوام دوست منشور ہے۔ مزید کہا تمام
کسانوں کو رجسٹرڈ کیا جائے گا اور فصلوں کی انشورنس ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ فوڈ کارڈ کے ذریعے کھانے پینے کی اشیا کم قیمت پر فراہم
کی جائے گی، بھوک،غذائی قلت کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کا بھی مقابلہ کیا
جائے گا۔ جو وعدے شہید ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے کیے وہ پورے کیے
گئے، جو وعدے میں کروں گا وہ بھی پورے کر کے دکھاؤں گا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ بے روزگاری، دہشت گردی اور ظلم
سے ہے، کٹھ پتلی جماعتیں آپ کے مسائل حل نہیں کرسکتیں، بے نظیر کے خلاف
بھی کٹھ پتلی جماعتیں ایک ہوگئی تھیں۔بے نظیر کی شہادت کی وجہ سے ان کا مشن
نا مکمل رہ گیا تھا، میں اس مشن کو مکمل کرنے نکلا ہوں، اس میں عوام کا
ساتھ ضروری ہے۔