اسلام آباد :آج رات 12 بجے الیکشن مہم کا وقت ختم ہو جائے گا
ملک بھر میں آج انتخابی مہم کا آخری روزہے، سیاسی گہما گہمی عروج پر اور کارکنان کا جوش وجذبہ دیدنی ہے۔
ملک میں گیارہویں پارلیمانی انتخابات صرف دو روز کی دوری پر ہیں اور سیاسی جماعتوں کے ورکرز میں جیت کا جنون عروج پر ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم آج شب بارہ بجے
ختم ہوجائے گی اور ضابطہ اخلاق کے مطابق رات بارہ بجے سے ملک بھر میں جلسے
ریلیوں اور کارنر میٹنگز پر پابندی عائد ہوگی، اگر کسی سیاسی جماعت نے
انتخابی مہم جاری رکھی تو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے
لئے 23 دن دیئے گئے جبکہ انتخابی مہم 48 گھنٹے قبل ختم کرنا لازمی ہے۔ عام
انتخابات کیلئے پولنگ 25 جولائی کو ہوگی، جس کے لئے انتظامات کو حتمی شکل
دی جارہی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے پولنگ کے دن عام تعطیل کا اعلان کر رکھا
ہے۔