لاہور:پنجاب میں حکومت کا حق ہمارا ہے، اپوزیشن بننے کے بارے میں سوچا بھی نہیں، خواجہ سعد رفیق
سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پنجاب میں حکومت کا حق ہمارا ہے، اپوزیشن بننے کے بارے میں سوچا بھی نہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ متنازع انتخابی نتائج سے سیاسی قوتوں میں تلخی بڑھ گئی ہے، ملک میں بد اعتمادی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے ریٹرننگ آفیسر اور الیکشن کمیشن سے اپنے حلقے کے ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق کا حلقہ کھولا گیا، ان کا حلقہ کیوں نہیں کھولا جا رہا ہے۔’آر او اور الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے میرے حلقے میں ری کاؤنٹنگ کرائے، بغیر حلقہ کھولے دوبارہ گنتی پر آنے والے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن 2018 میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ کم رہا، ہزاروں کی تعداد میں لوگ گھروں کو واپس گئے، ووٹروں نے جو ووٹ ڈالے ہیں وہی ڈبوں سے نکلنے چاہئیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا ’میں ہار گیا لیکن میرے حلقے کے ایم پی اے جیت گئے، یہ کیسے ممکن ہے؟ جہاں جہاں تحفظات ہیں وہاں دوبارہ گنتی کرائیں گے، الیکشن کمیشن میری بات مان کر اپنی غیرجانب داری کا ثبوت دے۔‘انھوں نے کہا کہ قوم کو بتایا جائے کہ نواز شریف کی طبیعت بہت خراب ہے، ہم جیل جائیں یا نہیں، اس کا ہمیں کوئی خوف نہیں، پہلےبھی جیل گئے ہیں۔