Jul 30, 2018 01:21 am
views : 486
Location : Different Places
Islamabad- Ex PM Nawaz Sharif Shifted to PIMS Hospital
اسلام آباد،سابق وزیر اعظم نواز شریف سخت سیکیورٹی میں پمز اسپتال منتقل
سابق وزیراعظم نوازشریف کو سیکیورٹی اسکواڈ کی نگرانی میں علاج کے لئے اڈیالا جیل سے پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف کو حامی بھرنے کے بعد ہی علاج کے لیے پمز اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا،انہیں 2 مختلف سیکیورٹی اسکواڈز کی نگرانی میں جیل سے روانہ کیا گیا تھا۔
اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کے بائیں بازو اور سینے میں تکلیف کے باعث ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا جس کے بعد انہیں فوری طور پر کورنری کیئر یونٹ (سی سی یو) منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا، جس کے بعد نگران حکومت نے انہیں پمز اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔
پمز اسپتال کے ڈاکٹر نعیم ملک اور ڈاکٹر ذوالفقار غوری نے نواز شریف کا معائنہ کیا، جن کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کے خون کی ٹیسٹ رپورٹ میں ٹروپونن کی زیادتی تھی اور ٹرپونن ہائی ہونے پر انہیں اکیوٹ کورنری سینڈروم ہونے کا خدشہ بڑھ گیا تھا۔
نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کی کہنیوں اور پاؤں میں درد تھا اور سوجن بھی تھی، رپورٹ میں نواز شریف کے دل کا عارضہ بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا۔
نواز شریف کی درخواست جیل انتظامیہ نے ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو جیل بلایا،جنہوں نے مکمل طبی معائندہ کیا اور پھر ان کی تجویز کی روشنی میں سابق وزیراعظم کی اسپتال منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے پمز اسپتال کے مختلف حصوں کی سیکیورٹی سنبھال لی ہے اور اس حوالے سے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔