کراچی، تاخیر سے آنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کروں گا، سعید غنی
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ تاخیر سے آنے والوں کوکسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ میری کام کرنے کی رفتار شاید تھوڑی سی زیادہ ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ میرے پاس وقت بہت ہے۔ میں رات دیر سے سونے کے باوجود صبح جلدی اٹھتا ہوں ، جو آدمی میری رفتار کے ساتھ نہیں چل سکتا اس کیلئے آسان ہے کہ وہ کہیں اور ٹرانسفر کرالے۔
آباد ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ میرے ساتھ اگر کوئی کام کرنا چاہتا ہے تو میری رفتار کے ساتھ کام کرنا ہوگا اور میں کوئی ایسا کام آپ کونہیں بولوں گا جو میں نہ کرتا ہوں۔ میں صبح نو بجے آتا ہوں تو اس لئے آپ کو بھی صبح 9 بجے آنا ہوگا۔ یہ نہیں کہ آپ کو صبح نو بجے بلا رہا ہوں اور میں خود گیارہ بجے آؤں گا۔
سعید غنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں چھٹی نہیں کرتا ہوں اور میں یہ بھی نہیں کہتا کہ چھٹی والے دن بھی چھٹی نہ کرو لیکن جو کام کے دن ہیں اس میں بھرپور کام ہونا چاہیے ۔ اللہ تعالیٰ نے لوگوں کی خدمت کیلئے ہمیں منصب دیا ہے یہ اللہ تعالیٰ کا ہم پر احسان ہے۔ ہم لوگوں کے کسی کام آسکیں تو یہ اللہ کی ہم پر مہربانی ہوگی اور اگر ہم لوگوں کے کام نہ کریں اور تکلیف کا سبب بنیں تو ہم سے بڑا بدنصیب کوئی نہیں ہوگا۔