کراچی، کے ایم سی سے اختیارات ہم نے نہیں لئے، نچلی سطح پر منتقل ہوگئے، سعید غنی
سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی کے چار اضلاع میں چینی کمپنیوں کے ساتھ کچرا اٹھانے کے حوالے سے ہونے والے معاہدے پر بدقسمتی سے عملدرآمد ابھی تک شروع نہیں ہوسکا۔
کاٹی کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ میں اس ضمن میں پوری کوشش کروں گا کہ معاہدے پر عملدرآمد ہو تاکہ شہر میں کچھ بہتری نظر آئے۔
انہوں نے بتایا کہ کورنگی ضلع نے تاحال سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ اپنی کونسل سے اجازت دے کر اتھارٹی نہیں دی ہے۔ ضلع کورنگی اور ضلع وسطی میں ابھی تک کچرا اٹھانے کا کام ڈی ایم سی انجام دے رہا ہے اور عیدالاضحی کے موقع پر بھی ہماری جانب سے پیشکش کی گئی تھی کہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو ہم مدد کیلئے حاضر ہیں۔
سعید غنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضلعی حکومتیں ازخود اپنی گنجائش کو بڑھائیں اور کام کرکے دکھائیں اور اگر نہیں کرسکتے تو ایک چیز آپ کے پاس موجود ہے اور جس کا مقصد یہ ہے کہ وہ آپ کی مدد کریں تو پھر مجھے نہیں سمجھ آتی کہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ساتھ کام کرنے میں کیا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت ، تعلیم اور لوکل ٹیکسز کے ایم سی سے ہم نے نہیں لئے بلکہ مزید بہتر طریقے سے کام کی انجام دہی کیلئے اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوگئے ہیں اور وہ اختیارات استعمال کرکے چیزیں بہتر کرلیں تو پھر مزید اختیارات دینے کی جانب پیش قدمی کریں گے۔