لاہور، پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا، میاں محمود الرشید
صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے پنجاب
بھر میں غیر قانونی تجاوزات اور قبضوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا
ہے، قبضہ مافیا کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرکے لاہور کی 31 ہزار کنال کی
سرکاری زمین واگزار کرائی جائے گی۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ
سب سے افسوسناک پہلو یہ ہے کہ سیاسی پشت پناہی اور بااثر افراد جن کا
حکومتی خاندانوں سے بڑا گہرا تعلق تھا کی سرپرستی کی وجہ سے کوئی بھی
تجاوزات پر ہاتھ ڈالنے کیلئے تیار نہیں ہوتا تھا تاہم حکومت پنجاب نے قبضہ
مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کے
پروگرام کلین اینڈ گرین پاکستان بھی اسی کا ایک جز ہے۔
میاں محمود الرشید کا مزید کہنا تھا کہ قبضہ مافیا کے خلاف ہم نے بھرپور
طریقے سے آپریشن کو شروع کیا ہے، آپریشن میں مختلف ادارے، انتظامیہ بھی
شریک ہے جبکہ کمشنر لاہور کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی
تاہم تاہم اب دو ٹیمیں سرکاری زمینوں کو واگزار کرانے کیلئے کام کررہی ہیں،
پہلی ٹیم ڈی جی ایل ڈی اے کی سربراہی میں اور ایک ڈی سی لاہور کی قیادت
میں کام کررہی ہے۔ اس کے علاوہ ایم سی ایل ، پولیس، لیسکو، سوئی گیس، واسا،
ڈبلیو ایم سی سمیت دیگر محکموں کی بھی بروقت معاونت حاصل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کیلئے ہم نے پانچ درجے
بنائے ہیں، پہلے درجے میں ہم سرکاری اور ریاستی اداروں کی زمینوں پر سے
قبضہ چھڑوائیں گے، دوسری درجے میں مارکیٹوں، بازاروں اور سڑکوں کے باہر
کمرشل بنیادوں پر قائم تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، تیسرے درجے
میں بڑی بڑی حویلیاں، بڑے بڑے ڈیرے جنہوں نے قائم کئے ہوئے ہیں ان کو ٹیک
اپ کیا جائے گا، چوتھے درجے میں مختلف مقامات پر قائم غیر قانونی جھگیوں
اور غیر قانونی بستیوں کو ختم کریں گے جبکہ پانچویں درجے میں قانون شکن
عناصر کے خلاف مستقبل بنیادوں پر بھرپور کارروائی کریں گے۔