اسلام آباد، حکومت چوروں کے ساتھ وہی کرے گی جو چوروں کے ساتھ کرنا چاہیے، فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب
سے اسحاق ڈار کی جائیداد فروخت کرنے کا فیصلہ بہت مثبت پیش رفت ہے، حکومت
چوروں کے ساتھ وہی کرے گی جو چوروں کے ساتھ کرنا چاہیے، اسحاق ڈار کی
جائیداد پاکستان کے عوام کی جائیداد ہے اور وہ عوام کو ہی ملے گی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات مخدوم خسرو بختیار کے ہمراہ پی آئی
ڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین کا مزید کہنا تھا کہ فیڈرل
بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز کے خلاف بہت بڑا آپریشن شروع
کردیا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)
اٹھارہ برس تک پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر براجمان رہی اسی طرح
پیپلز پارٹی وفاق اور سندھ حکومت پر پندرہ برس تک براجمان رہی لہٰذا ان کی
حکومتوں کے بعد آج پاکستان کس جگہ کھڑا ہے۔ نئی حکومت پاکستان کی سمت درست
کرے گی، پاکستان پر اٹھائیس ہزار ارب روپے کا قرضہ ہے۔ اس وقت پاکستان میں
بیس کروڑ عوام میں سے 70 ہزار ٹیکس دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں عالمی دنیا میں تیل کی قیمتوں میں
کمی سے پاکستان کو 32 ارب ڈالر کا فائدہ ہوا ، جواب دیا جائے کہ وہ وہ 32
ارب ڈالر کا فائدہ معیشت کے کس حصوں میں لگا۔