لاہور، رانا مشہود کے بیان سے ملکی سلامتی کو نقصان پہنچا، ڈاکٹر یاسمین راشد
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی قیادت سوائے
ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کوئی اور کام نہیں کرسکتے، جمہوریت
عوام کے ووٹوں سے چلتی ہے، گزشتہ دس برس میں (ن) لیگ نے ملک کو نقصان ہی
پہنچایا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے
ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ رانا مشہود کی بیان بازی سے یہ بات
صحیح ثابت ہوگئی ہے کہ ان لوگوں نے ہمیشہ غلط کام کیا، ان کی پارٹی بھی اس
وقت ان کے بیان کو اون کرنے کیلئے تیار نہیں ہے، رانا مشہود سے زیادہ غیر
ذمہ دارانہ بیان کسی نے نہیں دیا ہوگا،
یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ رانا مشہود کیا کہنا چاہتے تھے کہ
اسٹیبلشمنٹ ان کے ساتھ کھڑی ہے یا ہمارے ساتھ کھڑی ہے، اس طرح کی باتیں
کرنے سے ملکی سلامتی کو نقصان پہنچ سکتا ہے، بھارت کی جانب سے جاری جارحیت
اور بین الاقوامی دنیا میں پاکستان کے حوالے سے بھارتی رویئے کو مد نظر
رکھتے ہوئے اس ماحول میں ایسی بات نہیں کرنی چاہیے کہ جو کسی طریقے سے
ہماری فوج کو کمزور کرے لیکن لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس طرح کا غیر
ذمہ دارانہ رویہ سوائے ن لیگ کی قیادت کے کوئی اور اختیار نہیں کرسکتا۔