لاہور، سرکاری زمینوں پر قبضے ہوئے، حکمرانوں کی آنکھیں بند تھیں، میاں محمود الرشید
وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے گزشتہ دس برسوں کے دوران پورے پنجاب اور لاہور میں سرکاری زمینوں پر قبضے ہوتے رہے اور حکمرانوں نے آنکھیں بند کی ہوئی تھیں لیکن انشاء اللہ ہم کھربوں روپے کی قیمتی سرکاری اراضی کو واگزار کرائیں گے اور کوشش کریں گے کہ آئندہ کسی میں اتنی ہمت نہ ہو کہ کوئی سرکاری زمین پر قبضہ کرسکے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کا مزید کہنا تھا کہ سبزہ بار ، جوتھ ٹاؤن اور ہربنس پورہ سمیت پورے پنجاب میں پچھلے دور حکومت میں قبضے ہوئے اور آج قبضے کی جگہوں پر پکی تعمیرات ہوچکی ہیں، یہ تعمیرات راتوں رات نہیں ہوئیں ہر قبضہ مافیا کے عقب میں کوئی نہ کوئی ایم پی اے کوئی نہ کوئی وزیر اور حکمران خاندان کا کوئی نہ کوئی فرد انہیں تحفظ دے رہا تھا جس کی وجہ سے بلدیہ اور ایل ڈی اے کے اہلکاروں اور ڈی ایم او کی ہمت نہیں ہوتی تھی کہ وہ قبضہ مافیا کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی کریں اور سرکاری زمینیں واگزار کرائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ہم نے سرکاری اراضی کو واگزار کرانے کا بیڑہ اٹھایا ہے اور انشاء اللہ اربوں نہیں کھربوں روپے کی قیمتی سرکاری اور ریاستی زمینیں واگزار کرائیں گے اور کوشش کریں گے کہ آئندہ سرکاری زمینوں پر کوئی قبضہ نہ کرسکے۔
میاں محمود الرشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کبھی بھی قبضہ گروپوں کی پشت پناہی نہیں کرے گی، اگر کسی کے علم میں ہے کہ کوئی پی ٹی آئی کا ایم این اے ، ایم پی اے اور کوئی کارکن اس میں ملوث ہے تو ہمارے نوٹس میں لایا جائے ہم اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گے