لاہور، ن لیگ اندر سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، چوہدری پرویز الہیٰ
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اندر سے مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، پنجاب میں زمینوں پر قبضوں کے دوران حکمرانوں نے آنکھیں بند کررکھی تھیں۔
پنجاب اسمبلی کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران چوہدری پرویز الہیٰ کا مزید کہنا تھا کہ رانا مشہودکے بیان پر وضاحتیں اور تردید بھی سامنے آچکی ہیں لیکن دراصل دو چار یوم بعد یہ تلخ حقیقت سب پر آشکار ہوجائے گی کہ مسلم لیگ (ن) تتر بتر ہوگئی ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے گزشتہ دس برس حکومت کرنے کے دوران پورے پنجاب کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا، شہباز شریف نے مال بنانے کے چکر میں اداروں کو برباد کردیا، قبضہ گروپ بھی شریف دور میں پروان چڑھے یہ کیا دس برس تک سوئے ہوئے تھے، صاف پانی کی کمپنیوں کے حوالے سے چیف جسٹس آف پاکستان نے ازخود نوٹس لیا۔ چیف جسٹس نے ہی شریفوں کے بموں کو ایکسپوز کیا۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزدار ہی ہمارے وزیر اعلیٰ پنجاب رہیں گے، وہ بہت کامیابی کے ساتھ کام کررہے ہیں، وزیرا علیٰ پنجاب پڑھے لکھے اور عام آدمی ہیں، ابھی تو ان کو پورے دو ماہ بھی نہیں ہوئے ہیں ، ان سے لوگوں کو تکلیف کیوں ہورہی ہے۔