اسلام آباد، العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت پیر تک ملتوی
احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے تفتیشی افسر محبوب عالم سے جرح کی کہ آپ نے کہا تھا گلف اسٹیل مل سے متعلق بھی تفتیش کی، جب آپ نے تفتیش شروع کی تو کیا ریکارڈ آپ کے پاس آچکا تھا۔ تفتیشی افسر محبوب عالم نے جواب دیا کہ جے آئی ٹی کا جمع کیا گیا مواد میرے پاس موجود تھا۔
خواجہ حارث نے جرح کی کہ آپ کی جانب سے کہا گیا کہ گلف اسٹیل سے متعلق معاہدہ آپ کے نوٹس میں آیا تھا، تفتیشی افسر نے بتایا کہ معاہدوں سے متعلق معلوم تھا۔
خواجہ حارث نے جرح میں کہا کہ کیا آپ نے طارق شفیع کو شامل تفتیش کیا، جس پر محبوب عالم نے جواب دیا کہ طارق شفیع کو نہ شامل تفتیش کیا نہ ہی اس کیس میں گواہ بنایا۔طارق شفیع نے جے آئی ٹی کے سامنے اپنا بیان دیا تھا۔طارق شفیع نے جے آئی ٹی کے سامنے اپنے دستخطوں کی تصدیق نہیں کی۔مجھے معلوم تھا کہ معاہدے کا ایک فریق عبداللہ قائد اہلی تھا، جس کو شامل تفتیش نہیں کیا۔
خواجہ حارث نے جرح میں کہا کہ تفتیشی افسر سنی سنائی باتیں سنا رہے ہیں۔
جس کے بعد احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی۔ خواجہ حارث پیر کو بھی جرح جاری رکھیں گے۔