اسلام آباد، طاقتور قبضہ مافیا اور بڑے بڑے مگر مچھوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے، شہریار آفریدی
وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ طاقتور قبضہ مافیا کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے، بڑے بڑے مگر مچھ اب ہم سے نہیں بچ سکیں گے، ریاست کے اندر ریاست قائم نہیں ہونے دیں گے۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ایوانوں میں بیٹھنے والے اور ایوانوں سے باہر بھی ماضی میں جو اسلام آباد یا پاکستان کے کسی بھی حصے میں طاقت کی بنیاد پر قبضہ کرلیا کرتے تھے اور لوگوں کو ڈراتے تھے، دھمکیاں دیتے تھے ان کے خلاف مہم تیز کردی گئی ہے۔
شہریار آفریدی نے بتایا کہ دو موزوں سے تینتیس ہزار سرکاری کینال قبضہ مافیا سے واگزار کرلی گئی ہے، جس میں سے بارہ سو کینال بحریہ انکلیو اور اس میں چار سو کینال جس میں رہائشی اور تجارتی پراپرٹیز بنائی گئی تھیں وہ ساری قومی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔ جو اپنے آپ کو بہت طاقتور سمجھتے تھے انہیں للکارا گیا ہے، جو بڑے بڑے مگر مچھ ہیں جنہوں نے عام پاکستانیوں اور اداروں کو اپنی جاگیر سمجھا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ہم نے پہلے ان پر ہاتھ ڈالا ہے، ہم نے عام آدمی کو ابھی تک نہیں چھیڑا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹریز کی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پارلیمنٹرینز کی عزت ہوگی تو ووٹرز کی عزت ہوگی اور ان دونوں کی عزت ہوگی تو ایوان کی عزت ہوگی ۔