اسلام آباد، ضمنی انتخابات میں مجموعی طورپر 7410 اوورسیز پاکستانی ووٹ کاسٹ کرینگے، علی محمد خان
وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا ہے کہ میں آج ایوان میں کچھ اعداد وشمار سامنے رکھنا چاہتا ہوں، وہ پاکستانی جو ہمارے لئے ماں، باپ اور بچوں کو چھوڑ کر بیرون ملک میں بیٹھا ہوا ہے اور دن رات کام کرکے پیسہ کما کر پاکستان کو دیتا ہے دراصل وہ ملک کا پہیہ چلاتا ہے، آج ایک کوشش کی گئی ہے کہ ان پاکستانیوں کو امور سلطنت میں ذمہ دار بنائیں اور ان کو احساس دیں کہ آپ بھی پاکستان کا حصہ ہیں۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ چودہ اکتوبر کو چھتیس حلقوں کیلئے ضمنی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ جن میں مجموعی طور پر چار سو پانچ امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ پنجاب سے بیس، سندھ سے تین، خیبرپختونخواہ سے دس، بلوچستان سے دو اور وفاقی دارالحکومت سے ایک حلقے کیلئے مجموعی طور پر سات ہزار چار سو دس اوورسیز پاکستانی حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔جن میں چھ ہزار اکیانوے مرد اور ایک ہزار تین سو انیس خواتین شامل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مرتبہ اوورسیز پاکستانیوں کو ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا موقع دے کر تجربہ کیا جارہا ہے، موجودہ حکومت کی جانب سے ان اوورسیز پاکستانیوں کو انتخابی عمل کا حصہ بنانے کیلئے ایک نیام قدم اٹھایا جارہا ہے۔ آئندہ انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ وہ اپنا اس میں کردار ادا کرسکیں۔