لاہور:آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل : شہبازشریف کا 10 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور
نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی جس پر
عدالت نے شہبازشریف کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔آشیانہ ہاؤسنگ
کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا
گیا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں بکتربند گاڑی میں
احتساب عدالت پہنچایا گیا۔
سماعت کے آغاز پرکمرہ عدالت میں رش زیادہ ہونے پر احتساب عدالت کے جج نجم
الحسن نے شہبازشریف اور وکلا کو اپنے چیمبرمیں بلالیا اورسماعت شروع
کی۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا میں کیس کی سماعت کھلی عدالت میں چاہتا ہوں
جس پر معزز جج کورٹ روم میں آگئے جہاں سماعت ہوئی۔شہبازشریف کی جانب سے ان
کے وکیل امجد پرویز احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
نیب پراسیکیوٹر نے احتساب عدالت میں الزامات سے متعلق دلائل دیتے ہوئے کہا
کہ شہبازشریف نے اختیارات سے تجاوزکیا۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے
وکیل امجد پرویز نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔احتساب عدالت نے شہبازشریف
کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی
کردی۔شہبازشریف کو سماعت کے بعد انتہائی سخت سیکیورٹی میں بکتربند گاڑی
میں احتساب عدالت سے روانہ کیا گیا۔