کوئٹہ، بلوچستان کو ترقی کے دھارے میں لائیں گے، وزیر اعظم
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی پسماندگی کا بخوبی احساس
ہے، صوبے کو ترقی کے دھارے میں لائیں گے، بلوچستان حکومت کو درپیش مالی
بحران کے حل کیلئے وفاق ہر ممکن تعاون کرے گا، بلوچستان کے قدرتی وسائل کو
صحیح معنوں میں بروئے کار لاکر غربت وپسماندگی کا خاتمہ ممکن ہے۔
بلوچستان کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے
اراکین بلوچستان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ صوبے کے عوام کو درپیش مسائل کے
حل کیلئے موثر قانون سازی کیلئے کام کریں، صوبائی دارالحکومت میں پانی کی
قلت سے نمٹنے کیلئے ترجیحی اقدامات کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو دیگر صوبوں کے مساوی ترقی کے یکساں مواقع
فراہم کریں گے، بلوچستان حکومت اور وفاق مشترکہ پارٹنر شپ کے تحت صوبے سے
پسماندگی کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے، سی پیک میں بلوچستان کے
تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تجربہ کار سیاستدانوں نے ہی ملک
پر قرضے چڑھائے، بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے، کچھی
کینال کی تکمیل سے بلوچستان میں زرعی انقلاب آئے گا، ایسا کوئی وعدہ نہیں
کریں گے جو پورا نہ کرسکیں، بلوچستان حکومت کی تجاویز کی روشنی میں
بلوچستان کی ترقی کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کریں گے۔