لاہور،وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس؛ پنجاب میں قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن پر بریفنگ
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں انہیں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن سمیت حکومت پنجاب کے متعدد اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں ان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، سینئر وزیر علیم خان، صوبائی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم کو قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن سمیت پنجاب حکومت کے متعدد اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبے میں جاری منصوبوں ، وزرا کے محکموں کی کارکردگی اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نظام میں بہتری کے لئے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے،تجاوزات کے خلاف مہم میں کسی غریب آدمی کو بے جا زحمت نہ دی جائے،قبضہ مافیا کے خلاف ڈٹ کے کھڑے ہوں۔ وفاقی حکومت مکمل امداد فراہم کرے گی،سب کو عوام کی خدمت کے لیے بہت محنت کرنی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک گیر صفای اور شجرکاری مہم میں صوبائی حکومت بھر پور ساتھ دیں اور سرکاری عمارات اور زمینوں کو مفید استعمال میں لائیں۔