لاہور،ہمار ی پالیسیوں کے اثرات سو دن میں نظر آئیں گے،وزیر اعظم
وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ جتنا مرضی شور مچائیں کرپٹ افراد کو نہیں چھوڑوں گا ، تحریک انصاف کی حکومت تک وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار رہیں گے، عثمان بزدار تبدیلی کا نام ہے ، 100دن بعد وزراءکی کارکردگی کا جائز ہ لیا جائیگا ، شہبازشریف کی گرفتاری پر شور مچانے والے زیادہ دیر جیل سے باہر نہیں رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عثمان بزدار اس علاقے سے آئے ہیں جہاں سے کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ وہاں سے کوئی وزیر اعلیٰ پنجاب بن سکتاہے، وقت دیں پھر آپ کوپتہ چلے گا کہ عثمان بزدار پنجاب کے سب سے کامیاب وزیر اعلیٰ ثابت ہونگے۔
عمران خان نے کہا کہ میں وزیر اعظم بننے کے بعد پہلی پریس کانفرنس کررہاہوں کیونکہ میں قوم کو یہ بتانا چاہتا ہے کہ تجربہ کار سیاستدانوں نے ملک کو چھوڑا کہاں ہے ؟انہوں نے کہا کہ ہمار ی پالیسیوں کے اثرات سو دن میں نظر آئیں گے اور پھر آپ کوپتہ چلے گا کہ اس کے کتنے اثرات ہوئے ہیں۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ نیب با اختیار ادارہ ہے اگر یہ میرے نیچے ہوتا تو کم سے کم 50 لوگ اس وقت جیلوں میں ہوتے،ملک میں بہت پوٹینشل ہے اگر ہم کرپشن ختم کردیں تو ملک میں سرمایہ کا رآنے کے لئے تیار ہیں۔