کراچی، ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء کا یونیورسٹی کی بس کی ٹکر سے نوجوان طالبعلم کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی اینڈ ہیلتھ سائنسز کے طلباء نے یونیورسٹی کی بس کی
ٹکر سے نوجوان طالبعلم کی ہلاکت کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی
مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ مظاہرین کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
طلباء مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیلئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کراچی پریس کلب پہنچ گئے۔
اس موقع پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے
ایک پوائنٹ سے ڈی ایچ اے فیز ون پر ایک موٹر سائیکل سوار اور متعدد دیگر
وہاں موجود لوگوں کو بے قابو بس نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں آصف شیخ
نامی ایک طالبعلم موقع پر شہید ہوگیا ،اس کے علاوہ انیس اور ایک اور کراچی
کا شہری شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ انیس وینٹی لیٹر پر
جناح ہسپتال میں ہے جبکہ آصف شیخ کی شہادت ہوگئی ہے۔ یہ واقعہ جہاں پوائنٹ
کے ڈرائیور کی غفلت کا نتیجہ ہے وہیں سندھ حکومت اور یونیورسٹی انتظامیہ
بھی واقعہ کی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بسوں کی باقاعدگی سے مرمت اور مینٹیننس پر توجہ دینے کی
اشد ضرورت ہے۔ زخمی طلباء کے علاج معالجے کی ذمہ داری سندھ حکومت اور
ڈاؤیونیورسٹی انتظامیہ اپنے سر پر لے جبکہ شہید طالبعلم کے لواحقین کو
معاوضہ دیا جائے۔