Oct 09, 2018 08:47 pm
views : 461
Location : National Press Club
Islamabad- Maryam Aurangzeb Press Conference
اسلام آباد، موجودہ حکومت کے افسران اور وزراء بیورو کریسی کو تڑیاں لگارہے ہیں، مریم اورنگزیب
سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنماء مریم اورنگزیب
کا کہنا ہے کہ سینئر صوبائی وزیر محمود الرشید کے بیٹے کے اغواء کیس سے سب
واقف ہیں، میں یہ قوم کو نہیں بتانا چاہتی کیونکہ کچھ تہذیب اور کچھ پردے
ہمیں اپنے خاندان میں لوگوں نے اور میرے قائد نواز شریف نے سکھائیں ہیں۔
محمو دالرشید کے صاحبزادے کس حالت میں پکڑ گئے اور پولیس افسر پر تشدد کرکے
انہیں اغواء کیا گیا ، محمود الرشید کی بات نہ ماننے پر آئی جی پنجاب کا
تبادلہ کردیا گیا۔
اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا مزید
کہنا تھا کہ ڈی پی او پاک پتن کے تبادلے کے مقدمے کی مجبوری ہمیں معلوم ہے۔
نئے آئی جی کو لاکر رپورٹ کو مینج کرنے کا خیال دم توڑنے کے بعد موجودہ
آئی جی کا تبادلہ کردیا گیا لیکن ایک تیسری وجہ سے شہباز شریف کو سیاسی
انتقام کا نشانہ بنایا گیا وہ وجہ یہ ہے کہ جس کمپنی کا ٹھیکہ شہباز شریف
نے منسوخ کیا اس کمپنی کو ٹھیکہ خیبرپختونخواہ کی حکومت نے میٹرو بس کا
پروجیکٹ دیا ہے جو کہ بلیک لسٹڈ کمپنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب سے دس دن قبل شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں
بلاکر آشیانہ اسکیم میں گرفتار کرلیا گیا، کیا شہباز شریف دہشت گرد تھے کہ
انہیں بکتر بند گاڑی میں بٹھاکر عدالت پہنچایا گیا، کیا وہ نیب سے تعاون
نہیں کررہے تھے، کیا کسی جگہ بھی شہباز شریف کے بھاگ جانے کا اندیشہ تھا،
نیب کے پاس کونسا قانونی نکتہ ہے، موجودہ حکومت کے افسران اور وزراء بیورو
کریسی کو یہ تڑیاں دے رہے ہیں کہ اگر ہماری نااہلی کی نشاندہی اور سازشوں
کو بے نقاب کیا گیا تو گرفتار کرلیا جائے گا یا تبادلہ کردیا جائے گا۔