کراچی، میئر کراچی وسیم اختر نے گجر نالے کے تعمیری منصوبے کا افتتاح کردیا
کراچی میں گجر نالے کی تعمیر کا آغاز ہوگیا، میئر کراچی وسیم اختر نے
منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پروجیکٹ ڈاکٹر سیف الرحمن بھی
موجود تھے۔ منصوبہ سال 2005ء میں شروع کیا جانا تھا، 1.3 کلو میٹر کا کام
رواں سال مکمل ہوگا۔ مجموعی طور پر بارہ کلو میٹر کا کام تین سال میں مکمل
ہوگا، اطراف میں سڑک کی تعمیر بھی جاری ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سیف الرحمن کا
کہنا تھا کہ گجر نالہ بارہ کلو میٹر لمبا ہے، یہ واحد قدرتی نالہ تھا جو
بارش کے پانی کو اپنے اندر سموتا تھا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ آبادی بڑھنے سے
یہ نالہ کافی تنگ ہوتا گیا کیونکہ یہاں پر بے تحاشہ غیر قانونی بستیاں
آباد ہوئیں اور تجاوزات کی بھرمار اس کی ایک وجہ تھی۔ اس ضمن میں نالے میں
بارش کے پانی کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اخترکا کہنا تھا کہ آج واقعی
کراچی کیلئے ایک بڑا دن ہے۔ خاص طور پر وہ علاقے جن علاقوں سے یہ گجر نالہ
گزرتا ہے، نیو کراچی، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد اور لیاقت
آباد کے مکین اس نالے کی وجہ سے بہت زیادہ تکلیف برداشت کرچکے ہیں، جب بھی
بارشیں ہوتی تھیں یہاں کا پانی نکل کر گھروں میں داخل ہوجاتا تھا اور
بیماریاں پھیلاتا تھا، اللہ کا شکر ہے کہ آج ہم اس پر کام شروع کرنے جارہے
ہیں۔