Oct 11, 2018 05:30 pm
views : 421
Location : KMC Old Building
Karachi- Mayor Karachi & Saeed Ghani Press Conference
کراچی، کوئی بھی قانون صحیفہ نہیں ہوتا ہر قانون میں بہتری کی گنجائش موجود ہوتی ہے ، وزیر بلدیات سندھ
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی میئر کراچی وسیم اختر سے ملاقات کیلئے کے ایم سی
اولڈ بلڈنگ پہنچ گئے جہاں پر میئر کراچی نے اپنے دفتر میں آمد پر صوبائی
وزیر بلدیات سعید غنی کا استقبال کیا۔
صوبائی وزیر اور میئر کراچی کے مابین ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت
ہوئی۔ بعد ازاں میئر کراچی اور صوبائی وزیر بلدیات کی مشترکہ پریس کانفرنس
منعقد ہوئی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ
کوئی بھی قانون صحیفہ نہیں ہوتا ہر قانون میں بہتری کی گنجائش موجود ہوتی
ہے اور آئین میں بھی بہتری کی گنجائش موجود ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ آئین میں
اکیس مرتبہ ترامیم ہوچکی ہیں۔
سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ میرے یا میئر کراچی کے قانون کو ماننے یا نہ
ماننے سے قانون تبدیل نہیں ہوتا، قانون اپنی جگہ برقرار رہتا ہے۔ میئر کو
کچھ چیزوں پر اختلاف ہوسکتا ہے جو ان کا حق ہے ،کچھ چیزوں پر مجھے بھی
اختلاف ہوسکتا ہے، میں صوبائی اسمبلی کا رکن ہوں اگر میں سمجھتا ہوں اس میں
بہتری ہونی چاہیے تو اس کا ایک طریقہ موجود ہے، اسی طرح میئر کراچی وسیم
اختر بھی ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں جن کی نمائندگی اسمبلی میں
موجود ہے اور اگر یہ سمجھتے ہیں کہ قانون میں بہتری ہونی چاہیے تو وہ اپنی
جماعت کے ارکان صوبائی اسمبلی کے توسط سے تجویز دے سکتے ۔
اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ وزیر بلدیات سعید غنی نے
میرے ساتھ ملتے جلتے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ آج ہم دونوں عوام کے مسائل مل
بیٹھ کر حل کرنے کیلئے سیاست سے بالاتر ہو کر جڑے ہیں۔ سیاست تہذیب کے
دائرے میں چلتی رہے گی مگر جہاں ایشوز کا معاملہ ہے، ہم عوام کے مسائل کا
حل چاہتے ہیں، ہمارے پاس لوگوں کا مینڈیٹ ہے وہ ذمہ داری ضرور پوری کریں
گے۔